منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع
منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بینکنگ کورٹ کراچی نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کا آج آخری دن تھا،سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کی بڑی تعداد بھی عدالت میں موجود تھی۔

بینکنگ کورٹ میں مقدمے کی سماعت ہو ئی توتمام ملزموں کی عدالت میں حاضری لگائی گئی،ایف آئی اے کی جانب سے ملزموں کا چالان پیش نہ کیا جاسکا،عدالت نے کہا کہ ہمیں تو سپریم کورٹ نے کارروائی سے روکا ہوا ہے، سپریم کورٹ کی اجازت کے بغیر ہم مزید کارروائی نہیں کرسکتے،وکیل ملزمان نے کہا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جائے،عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر حتمی چالان جمع کرایا جائے،عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی،سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔

مزید : قومی /علاقائی /سندھ /کراچی /اہم خبریں