بیمار والد کی خبر گیری کیلئے پاکستان آیا ، نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا :سابق چیئر مین نادرا کی لوئر کورٹس سےملک کے دیگر” بلاولوں“ پر بھی توجہ دینے کی درخواست

بیمار والد کی خبر گیری کیلئے پاکستان آیا ، نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا :سابق ...
بیمار والد کی خبر گیری کیلئے پاکستان آیا ، نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا :سابق چیئر مین نادرا کی لوئر کورٹس سےملک کے دیگر” بلاولوں“ پر بھی توجہ دینے کی درخواست

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق چیئر مین نادرا طارق ملک نے کہاہے کہ میں اپنے بیمار والد کی خبر گیری کیلئے پاکستان آیا اور میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ، ماتحت عدالت میں میرا کیس ایک ماہ سے نہیں سنا جارہا، لوئر کورٹس دیگر ”بلاولوں“ پر بھی توجہ دیں۔

جیونیوز کے پروگرام ” کیپٹل ٹاک “ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت نے مجھے نکالا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے بڑا زبر دست فیصلہ آیا لیکن میں نے جاب چھوڑی اور بیرون ملک چلا گیا اور آج کل اقوام متحدہ میں چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طور پر کام کررہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیمار والد کی خبر گیری کیلئے پاکستان آنا چاہا تو مجھے پتہ چلا کہ میرا پاسپورٹ بلاک ہے جس پر میں عدالت گیا اور حفاظتی ضمانت لیکر پاکستان آیا ۔

انہوں نے کہا کہ اب مجھے پتہ چلاہے کہ میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیاہے ، میں نے وزارت دفاع میں جاکر ڈپٹی سیکرٹری سے تصدیق کی ہے کہ میرا نام ای سی ایل میں موجود ہے ، ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو کانام تو ای سی ایل سے نکال دیا لیکن لوئر کورٹ کا یہ حال ہے کہ ایک ماہ سے میرے کیس کی سماعت نہیں ہورہی ، انہوں نے کہا کہ لوئر کورٹس میں بھی وکیلوں کو چاہئے کہ ہڑتال ختم تاکہ دیگر بلاولوں کی بھی سنی جائے ، ان کا کہنا تھا کہ میرے اوپر کوئی کرپشن یا دہشت گردی کا الزام نہیں ، دوہری شہریت کا معاملہ ہے جس کی میں ایف آئی اے میں پیش ہوکر وضاحت کرچکاہوں۔

مزید : قومی