سندھ حکومت پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ، مرادعلی شاہ بچ نہیں پائیں گے :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری

سندھ حکومت پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ، مرادعلی شاہ بچ نہیں پائیں گے :وفاقی وزیر ...
سندھ حکومت پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ، مرادعلی شاہ بچ نہیں پائیں گے :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت گرانے کا مطالبہ نہیں کیا ، مراد علی شاہ شہادتوں کے بعد بچ نہیں پائیں گے اور ان کے بچنے کے امکانات صفر ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے اس لئے حکومت کاحق ان کا ہے ۔

جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ جے آئی ٹی کے شواہد کو یقینی بنانا سپریم کور ٹ کا کام نہیں ہے ، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو نیب کو بھیجا ہے اور دو ماہ میں تفتیش کرنے کا حکم دیاہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کڑیوں سے کڑیاں ملی ہوئی ہیں اور نیب اس پر دوماہ میں تفتیش کرے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جے آئی ٹی پر سپریم کورٹ نے مانیٹرنگ جج اس لئے مقرر کیاتھا کہ اس وقت حکومت کا دباﺅ تھا لیکن اب ایسی کوئی بات نہیں ہے ، ادارے آزاد ہیں اور اپنا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ وہ 11سال سے وزیر خزانہ ہیں اور ان کی مداخلت کے بغیر جے آئی ٹی نے جن چیزوں کی نشاندہی کی ہے ، وہ ممکن ہی نہیں ہیں، اس مقدمے کا انکشاف چودھری نثار نے کیا تھا کہ بلاول اور ایان علی کے اخراجات ایک ہی اکاﺅنٹ سے ادا ہو رہے ہیں، سندھ بینک مراد علی شاہ کے بغیر کوئی ایکشن نہیں کر سکتاتھا اور اومنی گروپ کوسبسڈی بھی مراد علی شاہ کے بغیر نہیں جا سکتی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کوگرانے کامطالبہ کسی نے نہیں کیا ، البتہ ہماری طرف سے مراد علی شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا، وزیر اعظم سے طویل مشاورت کے بعد یہ بات کی گئی سندھ میں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے اس لئے حکومت کاحق ان کا ہے لیکن مراد علی شاہ کوہٹ جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہاں کہاہے کہ مراد علی شاہ بے گنا ہ ہیں اور ان کی تفتیش نہیں ہونی چاہئے، مراد علی شاہ شہادتوں کے بعد بچ نہیں پائیں گے اور ان کے بچنے کے امکانات صفر ہیں۔

فواد چودھری کاکہناتھا کہ جے آئی ٹی کو پڑھنے سے جو سمجھ آتی ہے وہ یہ ہے کہ تین لوگوں پر الزام ہے جن میں ایک آصف زرداری ،فریال تالپور اور مراد علی شاہ ہیں ، نیب کی تحقیقات کے بعد اس بات کا پتہ چلے گا کہ اس معاملے کا کوئی اور پہلو بھی نکلتا ہے یا نہیں ، نیب تفتیش کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کوطلب کرسکتا ہے ، مراد علی شاہ نہیں بچ سکیں گے ، ان کے بچنے کے امکانات صفر ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی