ملتان سمیت مختلف شہرو ں میں فوڈ اتھارٹی ٹیمیں سرگرم‘چھاپے‘10پوائنٹس سیل

ملتان سمیت مختلف شہرو ں میں فوڈ اتھارٹی ٹیمیں سرگرم‘چھاپے‘10پوائنٹس سیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان سمیت متعدد اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے کیمیکلز کے استعمال، زائد المیعاد اشیاء کی فروخت اورحشرات کی موجودگی پر10 فوڈ پوائنٹس کو سربمہر کر دیا۔ متعدد فوڈ پوائنٹس کوحفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر1لاکھ68 ہزار500 کے جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے چیکنگ (بقیہ نمبر43صفحہ12پر)

کے دوران مٹھائی کی تیاری میں کھلے رنگوں،کیمیکلزکے استعمال، پراسیسنگ ایریا میں مکھیوں کی بہتات،ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی پرعرفات شیریں،مظفر گڑھ میں گلشن نرالا سویٹس،لاریب سویٹس،شاہ جی سویٹس جبکہ بہاولنگر میں فخرِملت سویٹس کو سیل کردیا۔اسی طرح میٹ سیفٹی ٹیمو ں نے سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،سلاٹرنگ کونز کے عدم استعمال،بلیوں کی موجودگی پر لودھراں میں بسم اللہ قریشی پولٹری شاپ اور شیخ الرضا پولٹری کو سربمہر کیا۔ مزید برآں لیہ میں چیکنگ کے دوران ملاوٹی مصالحہ جات،زائدالمیعاد اشیاء کی فروخت،صفائی کے ناقص انتظامات پر رانجھا کریانہ سٹور اور راجن پور میں رضوان کریانہ سٹور کو سیل کیا گیا۔ملتان کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے اشیائے خورونوش کی تیاری میں مضر صحت اجزاء کے استعمال اور ملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی پر اریبہ فوڈز کو سربمہر کیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بہاولپوراورملتان کے گردونواح میں کارروائیوں کے دوران سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،غیر معیاری اشیاء کی فروخت اورصفائی کے ناقص انتظامات پر 69,000 کے جرمانے عائد کیے۔ڈی جی خان،لیہ اور گردونواح میں پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 99,500کے جرمانے عائد کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں حشرات زدہ مٹھائیاں،ناقص، زائد المیعاد اشیائے خورونوش، کیمیکلز اور مضر صحت خوراک کو تلف کیا گیا۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے۔
سیل