امریکہ ایران کشید گی پر جنگ ہوئی تو پاکستان اسکا متحمل نہیں ہو سکے گا، غلام سرور

  امریکہ ایران کشید گی پر جنگ ہوئی تو پاکستان اسکا متحمل نہیں ہو سکے گا، غلام ...

  



ٹیکسلا (آئی این پی)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ امریکہ اس خطے میں جنگ چاہتا ہے تاہم پاکستان اسکا متحمل نہیں ہوسکتا، توقع ہے،امریکہ کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گا جس سے خطے کا امن داؤپر لگ جائے،افغانستان میں جنگ ہوئی تو پاکستان متاثر ہوا، خدا نا خواستہ ایران پر حملہ ہوا تو اس سے بھی بلا شبہ پاکستان ہی متاثر ہوگا، پاکستان کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، اور نہ ہی پاکستان کی زمین کسی کے خلاف استعمال ہو گی، البتہ مصالحت اور خطہ میں امن کے لئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کریگا، خطے میں امن و امان کے لئے شروع دن سے پاکستان فعال کردار ادا کر رہا ہے، خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سب پریشان ہیں، ایرانی آرمی جنرل کی شہادت سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق کونسلر ملک مشتاق آف سرائے کھولہ کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و سابق صدر تحصیل ٹیکسلا عامر اقبال خان نے پیپلز پارٹی کی دیرینہ رفاقت ختم کر کے غلام سرور خان گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پرغلام سرور خان نے مزید کہا کہ بہت جلد چیف منسٹر کو دعوت دینگے اور گندھارا یونیورسٹی سمیت دیگر میگا پروجیکٹس کے تحفے عوام کو ملیں گے، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن، واہ جنرل ہسپتال میں دو سو بیڈ کا اضافہ کیا جائے گا۔

غلام سرور خان

مزید : پشاورصفحہ آخر