تخت بھائی، ریلوے پھاٹک کی تعمیر او ر فلائی اوور کی تکمیل کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن

تخت بھائی، ریلوے پھاٹک کی تعمیر او ر فلائی اوور کی تکمیل کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تخت بھائی (نما ئندہ پاکستان)تخت بھائی ریلوے پھاٹک کی تعمیر اور فلا ئی اوور کی تکمیل کیلئے اعلیٰ حکام کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن۔ اگر ایک ماہ کے اندر اندر کام شروع نہیں کیا گیا تو فلائی اوور پر دھرنا دے کر احتجاج کے علاوہ وزیر مواصلات مراد سعید اور این ایچ اے حکام کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائر کیا جائے گا۔ ریلوے پھاٹک تخت بھائی کے عوام کے لئے وبال جان بن گیا ہے فلائی اوور پر آئے روز حادثات معمول بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ تخت بھائی اور یوتھ پارلیمنٹ کے زیراہتمام تخت بھائی ریلوے پھاٹک کی عدم تعمیر اور نامکمل فلا ئی اوور کے خلاف ماندل ہا ؤس تخت بھائی میں آل پارٹیز کانفرنس کا ایک عظیم الشان انعقاد کیا گیا۔جس میں تحصیل تخت بھائی کے تمام سیاسی پارٹیوں، تاجر اور سماجی تنظیموں کے عہدیداروں، وکلاء اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے چیئرمین معروف قانون دان عبدالستار تاجک ایڈوکیٹ،یوتھ پارلیمنٹ تخت بھائی کے بانی رکن علامہ محمد صدیق،چیئر مین حاجی سردراز خان، بار ایسوسی ایشن کے صدر قمر زمان خان ایڈوکیٹ، معروف قانون دان اور پشاور ہائیکورٹ بار کے رکن ا عجاز خان مہمند ایڈوکیٹ، مرکزی انجمن تاجران تخت بھائی کے صدر حاجی معزاللہ خان، سینئر نائب صدر خالد خان، جنرل سیکرٹری حاجی شیر قیوم مست خیل، مینا باز ارکے صدر حاجی آفتاب علی مہمند، پی پی پی ضلع مردان کے جنرل سیکرٹری اورنگزیب خان،مسلم لیگ (ن) تحصیل تخت بھائی کے سینئر نائب صدر شیرعلی سید زلمے،پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما ڈاکٹر صاحبزادہ مہمند، سابق ممبر ضلع کونسل شاہدسر اج،جمعیت علماء اسلام مرکزی کونسل کے رکن الحاج دوست محمد درویش، پریس کلب تخت بھائی کے جنرل سیکرٹری اکبر خان یوسفزئی، سماجی کارکن شاہد خان، جلال خان خٹک وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ تخت بھائی فلائی اوور 2017 میں تعمیر ہوا ہے لیکن تاحال یہ مکمل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے پھاٹک تخت بھائی کے عوام کے لئے پُل صراط سے کم نہیں ہے۔ آئے روز بچے،خواتین اور ضعیف افراد ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے نالیوں اور گٹروں کے گندے پانی میں گر جاتے ہیں۔ آخر میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے ریلوے پھاٹک کی تعمیر اور فلا ئی اوور کی تکمیل کیلئے حکام کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیکر اعلان کیا گیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر اندر اس پر کام شروع نہیں کیا گیاتو فلا ئی اوور پر دھرنا دے کر بھر پور احتجاج کریں گے او ر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، مرکزی حکومت،صوبائی حکومت اور این ایچ اے حکام کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کیا جائیگا۔