ہیروئن کیس کی طرح اثاجات ریفرنس بھی کھلا سیاسی انتقام،رانا ثنا اللہ
اسلام آباد (این این آئی) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں پر کچھ نہیں نکلا تو ہیروئین کا کیس بنا دیا، اب ہیروئن کا کیس ناکام ہورہا ہے تو دوبارہ اثاثوں پر کیس بنایا جا رہا ہے،اس انتقام کا انجام بھی ماضی کے سیاسی انتقاموں جیسا ہوگا۔ وہ گزشتہ روز پیر کو پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس پہلے تیار کیا جارہا تھا، کچھ نہیں نکلا تو ہیروئین کا کیس ڈال دیا،اب ہیروئین کا کیس ناکام ہورہا ہے تو دوبارہ اثاثوں پر جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کھلا سیاسی انتقام ہے،ساٹھ سال پہلے بھینس چوری کا کیس بنا وہ سیاست کے ماتھے پرکالک ہے۔اگر ایسے ہی سیاسی انتقام لیا جاتا رہے تو پارلیمنٹ کی کوئی عزت نہیں رہ جاتی۔ ایسی پارلیمنٹ میں آزاد جمہوری دور کی بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ آرمی ایکٹ پہلے ہی پارلیمانی روایات کے مطابق پاس کرایا جاتا،حکومت نے ایک بار پھر نا اہلی کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ایک ہی دن میں ایکٹ پاس کرانا چاہتی تھی، یہ ساری شرمندگی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ہوئی ہے،یا یہ کوئی چھپا ہوا ایجنڈہ ہے اور جان بوجھ کر ایسا کیا جا رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ