امریکہ اور اسکے ساتھی عالم اسلام کو نقصان پہنچاناچاہتے ہیں،لیاقت بلوچ
لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور سجادہ نشین درگاہ حضرت میا ں میر اور ہدیۃ الہادی کے رہبر پیر ہارون گیلانی کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور اس کے ہنودو یہود عالم اسلام کا شیرازہ منتشر رکھنے کے لیے ہر شیطانی طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔ ترکی، پاکستان، ملائیشیا، ایران اور قطر مل کر عالم اسلام کی صف بندی کا لائحہ عمل بنا رہے تھے لیکن اسے سبوتاژ کردیا۔ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کے لیے بیک ڈور چینل ڈپلومیسی فعال تھی لیکن ایران کے اہم جرنیل کو ٹارگٹ کر کے شہید کردیا گیا جس سے انتشار اور فساد کی نئی لہر جنم لے گی۔ عالم اسلام کو از خود منظم ہو کر دشمنوں کے حربوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہاکہ کارکنان اور مقامی قیادت بلدیاتی اور عام انتخابات کی بھر پور تیاری کریں۔ جماعت اسلامی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ حالات اور حکومتوں کی نااہلی اور ناکامی پرمایوس عوام کو منظم کریں گے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد آئینی، سیاسی، پارلیمانی اور اصولوں کی پابندہے۔ اسلامی، خوشحال، مستحکم اور کرپشن فری پاکستان ہماری جدوجہد کی منز ل ہے۔ قرآن و سنت کے نظام سے ہی اسلام کی حکمرانی آئے گی۔ لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان مخالف اور عالم اسلام کے اتحاد کی دشمن قوتیں عمران خان کو استعمال کر رہی ہیں۔