وقت کی قدر کرنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں، دعا خان
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ وماڈل دعا خان نے کہا ہے کہ جولوگ وقت کی قدرکرتے ہیں، وہ ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں کیونکہ جب وقت بدلتا ہے توپھرسب معاملات راہ راست پر خود بخود آنے لگتے ہیں۔دعا خان نے کہا کہ دیکھا جائے تواس وقت فلم انڈسٹری کونیا روپ دینے میں ٹی وی فنکاروں اور نئی نسل کے ہدایتکاروں نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے، لیکن اس کے باوجود بھی سینئر فنکاروں کو ساتھ لئے بغیرپاکستان فلم انڈسٹری زیادہ لمبا سفر طے نہیں کر سکتی، کیونکہ یہ سینئرفنکار ہی تھے، جنھوں نے سینکڑوں یادگار فلموں میں خوبصورت کردار ادا کئے اور انھیں ناقابلِ فراموش بنایا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے ضروری بات یہ ہے کہ فلم اورٹی وی کے میڈیم میں کام کرنے والے فنکاروں کو تقسیم کرنے کے بجائے اگرپاکستانی سمجھاجائے تویہ زیادہ اچھا رہے گا۔
ماضی کی بات کریں توٹی وی کے فنکاروں نے فلم انڈسٹری کو ہمیشہ اپنی عمدہ کارکردگی اور شاندار پرفارمنس سے مقبولیت دلوائی۔ اگر مستقبل میں ترقی کی بات کریں تواس میں بھی ٹیلی ویژن کے فنکاروں کی کارکردگی بے حدنمایاں ہیں۔دعا خان نے کہا کہ بطورہیروئن میں بھی سلورسکرین پرجلوہ گرہوچکی ہوں، لیکن میری اصل پہچان توٹی وی سے ہی ہے۔ اس لئے میں مستقبل میں جہاں سلور سکرین پرمزید کام کرتی دکھائی دوں گی وہیں ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کیونکہ میں خود کو کسی ایک میڈیم تک محدود نہیں رکھنا چاہتی۔ میں ایک فنکارہ ہوں اورجہاں بھی مجھے اچھا اورمنفردکام کرنے کا موقع ملے گا، میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر ضروردکھاؤں گی۔