سرمد سلطان نے اپنی فلم ”زندگی تماشا“ کی پرموشن شروع کردی

سرمد سلطان نے اپنی فلم ”زندگی تماشا“ کی پرموشن شروع کردی

  



لاہور(فلم رپورٹر) ڈائریکٹر سرمد سلطان نے اپنی فلم ”زندگی تماشا“ کی پرموشن شروع کر دی ہے اور اسی سلسلہ میں انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے ملاقات کی جہاں فلم کی کاسٹ بھی موجود تھی جن میں علی قریشی،ایمان سلیمان،سمعیہ ممتاز،رائٹر نرمل بانو، پروڈیوسر کنول کھوسٹ،عمران کھوسٹ اور عرفان کھوسٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر فلم کا ٹریلر بھی دکھایا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرمد سلطان کھوسٹ کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی منفرد فلم ہے جس پر پوری ٹیم نے بہت محنت کی ہے۔ مجھے ذرا بھی غرور نہیں ہے کیونکہ یہ چیز اللہ تعالی کو پسند نہیں ہے،یہ کہنا مشکل ہے کہ فلم کیسی رہے گی۔بہت حساس انداز سے کہانی بتانے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ فارمولا فلم نہیں ہے،ابھی اسے صرف پاکستان میں ہی ریلیز کیا جارہا ہے۔پورے ملک سے لوگ اس کی ریلیز کا انتظار کررہے ہیں۔لوگوں کو چاہیئے کہ ٹکٹ خرید کر فلم دیکھیں۔سرمد سلطان کھوسٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلم کسی کو ناراض کرنے کے لئے نہیں بنائی گئی۔

فلم کی کہانی میں معاشرے کا رویہ اور وہ تلخ حقائق دکھائے گئے ہیں جن کو عام زندگی میں نظر انداز کردیا جاتا ہے۔اداکارہ ایمان سلیمان اور علی قریشی نے کہا کہ یہ ان کی پہلی فلم جس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔فلم کی رائٹر نرمل بانو نے کہا کہ میری بھی یہ پہلی فلم ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں ہے،ہم نے ایک اہم ایشو پر اچھے طریقے سے بات کی ہے۔سمعیہ ممتاز کا کہنا تھا کہ سرمد سلطان کے ہر پراجیکٹ کی طرح’زندگی تماشا‘ بھی ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔عرفان کھوسٹ نے کہا کہ میرے لئے یہ انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ میرے بچے مجھے بائی پاس کرکے میرے باپ کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔آج کی کہانی سکرین کے ذریعے سنائی جاتی ہے جو حقیقت کے قریب ترین ہونی چاہیئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے فلم میں اس لئے کام نہیں کیا کیونکہ عارف حسن نے یہ کردار شاندار انداز سے ادا کیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔عارف حسن کی پرفارمنس دیکھ کر میں بھی دنگ رہ گیا،ان سب کوششوں کو سراہا جانا چاہیئے،عرفان کھوسٹ نے مزید کہا کہ فلم ہر طرح کی چلتی ہے اگر وہ اچھی ہو تو۔ایسی فلمیں بنانے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے۔یاد رہے کہ یہ فلم 24 جنوری کو ملک بھر میں ریلیز ہورہی ہے۔

مزید : کلچر


loading...