پہلا سلیم خان ڈویژنل فٹبال ٹورنامنٹ ہزارہ سربن دھمتوڑ کے نام

  پہلا سلیم خان ڈویژنل فٹبال ٹورنامنٹ ہزارہ سربن دھمتوڑ کے نام

  



ایبٹ آباد (اے پی پی) پہلا سلیم خان شیخ میموریل ڈویژنل فٹ بال ٹورنامنٹ ہزارہ سربن دھمتوڑ نے اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد کوہستان فٹ بال کلب مانسہرہ کو ایک گول سے شکست دیدی۔ کنج فٹ بال گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن معرکہ ہزارہ سربن دھمتوڑ اور کوہستان فٹ بال کلب مانسہرہ کے مابین کھیلا گیا ہزارہ سربن کے سعدی شاہ نے پہلے ہاف کے شروع میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جس کے بعد کوہستان فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں نے برتری ختم کرنے کی بھرپر کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

ہزارہ سربن کے گول کیپر جنید آہنی دیوار ثابت ہوئے اور مخالف ٹیم کے تین شاندار حملے ناکام بناتے ہوئے یقینی گول بچائے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

سعدی شاہ کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ میچ ریفری زاہد چیمہ جبکہ اسسٹنٹ ریاض گڈو اور عاطف خان تھے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی لیگ رہنما و سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک مہابت اعوان کے فرزند حسن مہابت اعوان اور نبیل اشرف تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین کیا اور ہر اپنی طرف سے آئندہ کیلئے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی