معدنیات کو عوام کی معاشی ترقی کیلئے استعمال کرینگے:عثمان بزدار

  معدنیات کو عوام کی معاشی ترقی کیلئے استعمال کرینگے:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں معدنیات کے خزانے زمین میں چھپے ہوئے ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے زمین ان خزانوں کو بروئے کار لا نا وقت کی ضرورت ہے، معدنیات کو زمین سے نکال کرعوام کی معاشی ترقی کیلئے استعمال کریں گے اور اس اقدام سے نہ صرف انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر میر بہروز بلوچ کی قیادت میں چاروں صوبوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چیئرمین لاکڑا کول فیلڈ سندھ میر عبدالصمد، حاجی زر نواز خان، پیر بخش راجن، شکیل احمد خان، پرویز لئیق، فتح شاہ عارف، نور بادینی، شیخ عزیز، شیخ انعام، حاجی راحت، امجد خان جگوال اور دیگر شامل تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب میں معدنیات کے شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جبکہ شعبہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مقامی کوئلے کی کھپت کیلئے ماحولیاتی اثرات کو بھی دیکھنا ضروری ہے۔ سموگ اور آلودگی کا مسئلہ بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ہم نے سموگ اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اینٹوں کے بھٹوں کے حوالے سے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کی جانب سے متبادل ماڈل کا جائزہ لیا جائے گا۔کانوں کی لیز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ہم صوبے میں کاروبار کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ معدنیات، محکمہ ماحولیات، محکمہ صنعت اور محکمہ جنگلات کے حکام پر مشتمل کمیٹی مائننگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی اورقابل عمل سفارشات پر فیصلے کرکے آگے کی جانب بڑھیں گے۔ آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو مائننگ انڈسٹری کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے مائننگ انڈسٹری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خلوص نیت اورمحنت کے ساتھ عوا م کی خدمت کر رہے ہیں، پنجاب میں کفایت شعاری اوربچت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے مفاد میں جو کچھ بن پڑا وہ کر گزریں گے اور عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے، تبدیلی کا سفر رکے گا نہیں اوریہ تبدیلی عوام کی بہتری کے لئے ہے۔ وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء سید حسین جہانیاں گردیزی، اسد کھوکھر،رکن پنجاب اسمبلی مسرت چیمہ،جمشید چیمہ، سابق نگران وزیر اعلی میاں افضل حیات، سابق رکن پنجاب اسمبلی شوکت محمود بسرا اور دیگر شامل تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کیمپ جیل لاہور میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ایک روز میں جامع رپورٹ پیش کی جائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے آج بروز منگل صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔کابینہ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول