سعودی عرب، 10 مختلف علاقوں میں 30 تاریخی مساجد کی مرمت مکمل
جدہ (اے پی پی) سعودی عرب کے 10 علاقوں میں 30 تاریخی مساجد کی مرمت کا کام مکمل کر دیا گیا ہے۔ یہ کام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے تاریخی مساجد کے احیا کے منصوبے کے تحت انجام دیا گیا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق یہ منصوبے کا پہلا مرحلہ تھا جس کے تحت 60 برس سے لیکر 1432 برس تک کی مساجد کا احیا عمل میں آیا ہے۔ کئی مرحلوں میں 130 تاریخی مساجد کا احیا ہوا۔ یہ کام 423 دن میں انجام دیا گیا۔تاریخی مساجد کا اصل ڈھانچہ اور ان کی حقیقی شکل و صورت برقرار رکھی جارہی ہے البتہ خواتین کے لیے مصلے، معذوروں کے لیے بنیادی ضروریات، بجلی، پانی، ایئرکنڈیشن اور لاؤڈ اسپیکر کا اضافہ حسب حال کیا جا رہا ہے۔پہلے مرحلے میں معروف صحابی حضرت جریر بن عبداللہ البجلی کے دور کی مسجد کا بھی احیا ہوا ہے۔ یہ مسجد طائف میں واقع ہے۔ بعض مورخین کا کہنا ہے کہ یہ اپنے دور میں بڑی مشہور درس گاہ بھی رہی ہے۔ یہ تین سو برس پرانی الاحسا کی شیخ ابو بکر مسجد جیسی ہے۔ بعض مساجد میں 40 برس سے نماز بند تھی۔