صوبہ بھر کی پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

صوبہ بھر کی پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

  



لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کے علاوہ انہیں درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے پبلک سروس ڈلیوری کے عمل پر بطور خاص توجہ دی جائے اور تمام فیلڈ افسران عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کیلئے اپنے ماتحت افسران واہلکاروں کی کارکردگی کی انسپکشن اور اکاؤنٹیبیلیٹی کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ معاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو تقویت دینے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے جبکہ ڈکیتی، قتل، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے تمام اضلاع میں جاری کریک ڈاؤن کو مزید موثر بناتے ہوئے ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذکا ء اللہ شہید پولیس لائنز سرگودھامیں میڈیا نمائندگا ن اور ریجن بھر کے تمام پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آر پی او سرگودھا افضال احمد کوثر، ڈی پی او سرگودھا عمارہ اطہر، ڈی پی او خوشاب شعیب محمود، ڈی پی او میانوالی حسن اسد علوی او ر ڈی پی او بھکر فیصل گلزار سمیت ریجن کے تمام ایس پیز سمیت تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز  موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر پھول چڑھانے کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیا اور پولیس کے تعاون سے معاشرتی برائیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے لہذا میڈیا جرائم کی درست نشاندہی کے ساتھ ساتھ پولیس کے مثبت کاموں کو بھی اجاگر کرے۔اس موقع پر انہوں نے افسران کے مسائل سن کر موقع پر انکے حل کیلئے احکامات بھی جاری کئے۔ 

مزید : علاقائی