احتساب عدالت:نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد 49مقدمات کسٹم عدالت کو بھجوانے کا حکم

احتساب عدالت:نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد 49مقدمات کسٹم عدالت کو بھجوانے کا حکم

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد 49مقدمات کسٹم عدالت کوبھجوانے کاحکم دے دیاہے، پان پتی سکینڈل کے ملزمان نے مقدمہ کو نیب آرڈیننس کے تحت دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کررکھی تھی،عدالت نے ایڈیشنل کسٹم کلیکٹر محسن رفیق سمیت 100ملزمان کو 23 جنوری کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیاہے،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزاروں کے وکیل صاحبزادہ مظفر علی نے موقف اختیار کررکھا تھا کہ نئے ترمیمی آرڈیننس کے تحت احتساب عدالت سماعت نہیں کر سکتا،حکومت نے 28 دسمبر کو آرڈیننس میں ترمیم کی ہے،نئے آرڈیننس کی شق دو کے تحت کیس کسٹم عدالت کو منتقل کیا جائے،ترمیمی آرڈیننس میں ٹیکسوں کے متعلق تحقیقات بھی مجاز اتھارٹی کو منتقل کرنے کا کہا گیا ہے،جس پر فاضل جج نے مذکورہ بالاحکم جاری کردیاہے۔یادرہے کہ نیب نے کسٹم افسران،برامدکنندگان اور کلیرنگ ایجنٹس کے خلاف 2015 ء میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

مزید : علاقائی