فواد چودھری کی امریکی کار سازکمپنی کو پاکستان میں فیکٹری لگانے کی پیشکش
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے امریکہ کی کار بنانیوالی نامور کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کو پاکستان میں فیکٹری لگانے کی پیشکش کی ہے۔فواد چودھری کی جانب سے یہ دعوت اس وقت دی گئی جب گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ اب 5لاکھ کے قریب الیکٹرک گاڑیاں برلن میں فیکٹری لگا کر بنائیں گے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر العربیہ کی جانب سے شائع کی گئی خبر پر فواد چودھری نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے ایلن مسک کو پاکستان میں فیکٹری لگانے کی دعوت دی۔وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں ٹیسلا کے مالک ایلن مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایلن مسک اب آپ کی اگلی منزل پاکستان ہو سکتی ہے، ہم آپ کو 10سال تک صفر ٹیکس کی سہولت کے ساتھ کسٹم فری درآمد فیکٹری کے سیٹ اپ کی پیشکش کرتے ہیں۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ ایسی پیشکش آپ کو کوئی دوسرا ملک نہیں کرے گا جب کہ پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فری لانس سافٹ وئیر برآمد کننددگان ہے۔
فواد چودھری