لاہور چیمبر میں ریٹیلرز کیلئے پوائنٹ آف سیلز انٹی گریشن سسٹم کے موضوع پر سیمینار

لاہور چیمبر میں ریٹیلرز کیلئے پوائنٹ آف سیلز انٹی گریشن سسٹم کے موضوع پر ...

  



لاہور (پ ر) لاہور چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے اشتراک سے لاہور چیمبر میں ریٹیلرز کے لیے پوائنٹ آف سیلز انٹی گریشن سسٹم کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا جس میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، ممبر آئی ٹی ایف بی آر عاصم احمد، چیف کمشنر ان لینڈ ریوینیو احمد شجاع خان،لاہور چیمبر کے سابق صدر بشیر اے بخش،ایگزیکٹو کمیٹی ممبر نسیم غنی اورصنعتی و تجارتی تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ماہرین نے سیمینار کے شرکاء کو پی او ایس سسٹم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے سیلز کی انوائسنگ کے عمل کو ایف بی آر کے سسٹم کے ساتھ منسلک کردیا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک کمپیوٹرائز سسٹم ہے جو سیلز اور کسٹمر زکا ڈیٹا ریکارڈ کرتاہے، ایف بی آر نے تمام بڑے ری ٹیلرز کیلئے آٹو میٹڈ پوائنٹ آف سیل متعارف کروادیا ہے۔ اس سسٹم کے استعمال سے نا صرف انسپیکشن کا سلسلہ ختم ہوگا بلکہ اس کی مدد سے ریٹیلرز کو سیلز ٹیکس ریٹرن تیار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو پر زور دیا کہ پوائنٹ آف سیلز کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی جائے کیونکہ ری ٹیلرز کی بڑی تعداد اس سسٹم سے بالکل لاعلم ہے۔انہیں باقاعدہ تربیت اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے تاکہ وہ اس سسٹم پرآسانی سے کام کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈاکومینٹینشن وقت کی اہم ضرورت ہے مگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ساتھ ہی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ممبر آئی ٹی ایف بی آر عاصم احمد اور چیف کمشنر ان لینڈ ریوینیو احمد شجاع خان نے پی اوا یس سسٹم پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ 

مزید : کامرس