بلوچستان میں ورچوئل یونیورسٹی کے نئے کیمپسز کے قیام کا اعلان
لاہور(پ ر) حکومت پاکستان کی طرف سے بلوچستان کی ترقی کے لیئے انتہائی اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کا بلوچستان کے 4 شہروں میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کھولنے کا اعلان۔ ان شہروں میں پشین، تربت، اتل اور خزدار شامل ہیں۔ ورچوئل یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان معاہدہ اور دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔ ورچوئل یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب میں ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نعیم طارق اور وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ نے معاہدے پہ دستخط کیئے۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی ہدایت پہ ورچوئل یونیورسٹی نے معاہدے کو حتمی شکل دی۔ معاہدے کے تحت کیمپسز کے لیئے عمارات بلوچستان یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فراہم کرے گی۔حکومت پاکستان کے اس اقدام سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے طلبا و طالبات جدید تعلیم سے مستفید ہوں گے۔ مزید براں ورچوئل یونیورسٹی بلوچستان یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو تمام شعبہ جات میں تعاون فراہم کرے گی۔، جن میں آن لائن امتحانات، تحقیق اور جدید نصاب شامل ہے۔