”نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم“کے تحت عوام کوپلاٹس اور گھر فراہمکئے جائیں گے:محمود خان

”نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم“کے تحت عوام کوپلاٹس اور گھر فراہمکئے جائیں ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت صوبے میں عوام کو پلاٹس اور گھر فراہم کئے جائیں گے، جس کے لئے منصوبہ بندی پر عملدرآمد ممکن بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے سی پیک سٹی نوشہرہ کے قیام کیلئے مجوزہ منصوبہ بندی پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ سی پیک سٹی نوشہرہ کے قیام کیلئے 40 ہزار کنال اراضی پہلے سے لی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 40 ہزار کنال اراضی بھی حکومت نے قبضہ میں لی ہے، جس میں مقامی لوگوں کے چند ایک تحفظات ہیں جس کو متعلقہ حکام سے مل بیٹھ کر جلد حل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی تکمیل جلد ممکن بنانے اور تمام پیچیدگیاں حل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ  اس حوالے سے دوبارہ اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ صوبے میں ہاؤسنگ منصوبہ بندی کے لئے وفاقی حکومت کے ماڈل کا جائزہ لیا جائیگا، جس کے بعد صوبے میں ہاؤسنگ پروگرام کے لئے قابل عمل منصوبہ بندی ممکن بنائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے پشاور ماڈل ٹاؤن، ضلع ہنگو میں ہاؤسنگ پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تیز ترطریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔  وہ  وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیمز، سی پیک سٹی نوشہرہ اور پشاور ماڈل ٹاؤن پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ قبائلی اضلاع اجمل وزیر، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعید، سیکرٹری ہاؤسنگ حسن محمود، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزو دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیمز کے تحت ہر پراجیکٹ کے حوالے سے مرحلہ وار کارکردگی، منصوبوں کی ذمہ داری اورٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس کو سی پیک سٹی نوشہرہ اور پشاور ماڈل ٹاؤن پر پیشرفت کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت مکمل شدہ منصوبوں، اہداف کے قریب منصوبوں اور جاری منصوبوں پر بھی بریفینگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سوڑیزئی کیلئے سمری پہلے سے منظور ہو چکی ہے۔ جبکہ بورڈ نے بھی اس کی منظوری دی ہے۔ جس کے لئے پری پی ڈی ڈبلیو پی اسی مہینے کرائی جائے گی۔ اجلاس کو پشاور ماڈل ٹاؤن پر پیشرفت کے بارے میں بتاتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کیلئے ایف ڈبلیو او کے ساتھ ایگر یمنٹ پہلے سے ہو گئی ہے اور سیکشن فور بھی نوٹیفائی کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل کیلئے منصوبہ بندی پر عمل درآمد جاری ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کی تکمیل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام کو سستی اقساط پر ہاؤسنگ سکیم کے تحت پلاٹوں اور گھروں کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ ہمارا مقصد ہر شعبے میں عام آدمی کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ 

مزید : صفحہ اول


loading...