عسکری بینک اور مجسٹک لاؤنج کے درمیان معاہدے پر دستخط

  عسکری بینک اور مجسٹک لاؤنج کے درمیان معاہدے پر دستخط

  



کراچی (اکنامک رپورٹر) عسکری بینک اور مجسٹک لاؤنج نے بین الاقوامی لاؤنج کی سہولت فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے،جس کے تحت عسکری ورلڈ کارپوریٹ، پلاٹینم اور گولڈ ماسٹر کارڈ کریڈٹ کارڈ صارفین کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور میں مجسٹک لاؤنجز تک رسائی حاصل ہوگی۔اس معاہدے پر کنزیومر بینکنگ عسکری بینک لمیٹڈ کے سربراہ سید طحٰہ افضل اور مجسٹک لاؤنج کے ڈائریکٹر نوید ظفر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ادارے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے

جامعہ اردو کے ملازمین کا احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونی ورسٹی گلشن اقبال میں نان ٹیچنگ اسٹاف کا جامعہ اردو میں شیخ الجامعہ کی تعنیاتی کے لیے احتجاج کیا گیا احتجاج کرنے والے ملازمین کے مطابق تین ماہ گزر گئے تاہم ابتک جامعہ اردو میں مستقل تو دور قائم مقام وی سی بھی تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یونی ورسٹی کے تمام اموار متاثر ہورہے ہیں انہوں نے یونی ورسٹی کے چانسلر و صدرر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا کہ یونی ورسٹی میں جلد از جلد شیخ الجامعہ کی تعیناتی کو ممکن بنایا جائے۔

ڈاکو قرار دیے گئے بھائی بے گناہ نکلے، 24 گھنٹے بعد رہائی

کراچی (کرائم رپورٹر) شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں ہجوم کے ہاتھوں ڈکیت قرار دیئے گئے دونوں بھائی بے گناہ نکلے جنہیں پولیس نے 24 گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل کراچی کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ہجوم نے موٹرسائیکل پر سوار دو بھائیوں کو ڈکیت قرار دے کر انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔خواجہ اجمیر نگری کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں افرادکو تحویل میں لیا اور پھر انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے دونوں بھائیوں کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق شہریار اور تیمور کے خلاف کوئی مدعی سامنے نہیں آیا۔ایس ایچ او ندیم صدیقی کے مطابق دونوں بھائیوں کو چوبیس گھنٹے حراست میں رکھنے کا مقصد مدعی کا انتظار کرنا تھا مگر کوئی نہیں آیا، متاثرہ بھائیوں نے ہجوم کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا۔گزشتہ روز ہی پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دونوں بھائیوں کے قبضے سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا جبکہ موٹرسائیکل کے کاغذات بھی موجود تھے، متاثرہ بھائیوں کا کوئی کریمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔

جامعہ اردو:مستقل وائس چانسلر نہ ہونے سے مشکلات میں اضافہ

کراچی (رپورٹ/ اے حبیب خان)وفاقی اردو یونی ورسٹی تین ماہ سے مستقل شیخ الجامعہ کے نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار۔۔ عدالتی احکامات کے بعد شیخ الجامعہ ڈاکٹر الطاف حسین کے چارج چھوڑنے کے بعد سے یونی ورسٹی میں کوئی شیخ الجامعہ نہیں۔۔ اردو یونی ورسٹی میں جامعہ کے روزمرہ دفتری اموار نمٹانے کے لئے قائم مقام وائس چانسلر کے لیے سینٹ کی جانب سے ڈاکٹر عارف زبیر کا نام منتخب کرکے ایوان صدر بھیجا گیا اور انہیں قائم مقام شیخ الجامعہ تعنیات کرنے کی درخواست کی گئی۔۔ زرائع کے مطابق سینٹ کی جانب سے شیخ الجامعہ کے لئے ڈاکٹر عارف زبیر کے نام کو منظور کرنے کے ساتھ جلد اس حوالے سے نوٹفکشین نکالنے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث تاحال ابتک نوٹفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ زرائع کے مطابق سال دو ہزار انیس کے مہینے اکتوبر و نومبر میں یونی ورسٹی میں نئی کلاسز میں طالب علموں نے داخلیلیے ہوئے ہیں جنکی کلاسز یکم جنوری سے شروع ہونی تھی لیکن وہ شیخ الجامعہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ابتک شروع نہ ہوئی جبکہ پچیس اکتوبر سال دو ہزار انیس سے لے کر ابتک یونی ورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ و اعمال کی پنشن بھی بند ہے جس کی وجہ سے یہ ملاذمین سخت اذیت کا شکار ہیں۔ جامعہ اردو کے ملازمین کے مطابق یونی ورسٹی میں قائم مقام شیخ الجامعہ کے لئے وزرات تعلیم اور ایوان صدر کو فوری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نوٹفکیشن جاری کرنا چاہیے تاکہ ملازمین میں پھیلی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔

ریگل صدر میں ٹریفک حادثہ

بزرگ شہری جاں بحق

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے صدر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں، ایک شخص ہلاک دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر ریگل چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ متوفی کی لاش اور زخمی کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متوفی کی عمر 70 سال سے زائد بتائی جاتی ہے اور زخمی شخص کی شناخت محمود کے نام سے ہوئی ہے اور متوفی کی لاش کی فوری طور پر شناخت نہ ہوسکی۔

کراچی، بغدادی سے

گینگ وار کا اشتہاری پکڑا گیا

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے بغدادی سے اشتہاری ملزم پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مفرور اشتہاری ملزم صدام کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم صدام بلوچ غیر قانونی اسلحہ کیس میں اشتہاری ہے، ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

سی این جی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات

ٓکراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر سی این جی کی بندش کے باعث عوام کو پریشانی، شدید مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 50 گھنٹے بندش کے بعد اتوار کی صبح 8 بجے کھلنے والے سی این جی اسٹیشنز ایک بار پھر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے تھے۔ قبل ازیں کھلنے والے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آئیں اور شہریوں نے چھٹی کا دن سی این جی کے انتظار میں گزارا۔ صارفین نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن حکام گیس فراہمی کا حل تلاش کریں۔

وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے،خرم شیر زمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر پی ٹی آئی کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیمیں عوام سے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے شہر کے بلدیاتی مسائل حل کریں گے۔ میڈیا سیل انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی اور خصوصاً ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے حکومت سندھ اور واٹر بورڈ کی نا اہلی کی وجہ سے پانی سے محروم ہیں۔ شہر میں ٹینکر مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقوں میں آر او پلانٹس لگوا رہے ہیں۔ پانی کی قلت اس وقت شہر کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ 12سالہ دور حکمرانی میں سندھ حکومت نے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو 150ملین گیلن پانی کم فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بتانے سے قاصر ہے۔ حکومت سندھ کے پاس کوئی ایک ادارہ درست طریقے سے چلانے کی صلاحیت نہیں۔ کراچی کے شہری سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات روز عوام سے نئے دعوے اور وعدے کرتے ہیں لیکن ان وعدوں کی تکمیل کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔ سندھ حکومت 12سال سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ کراچی کے مسائل صرف تحریک انصاف حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی پہیہ چلانے والے شہر کو پیپلز پارٹی نے کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کر شہر کی رونقیں پھر سے بحال کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر