وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے،خرم شیر زمان

  وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے،خرم شیر زمان

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر پی ٹی آئی کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیمیں عوام سے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے شہر کے بلدیاتی مسائل حل کریں گے۔ میڈیا سیل انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی اور خصوصاً ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے حکومت سندھ اور واٹر بورڈ کی نا اہلی کی وجہ سے پانی سے محروم ہیں۔ شہر میں ٹینکر مافیا نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقوں میں آر او پلانٹس لگوا رہے ہیں۔ پانی کی قلت اس وقت شہر کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ 12سالہ دور حکمرانی میں سندھ حکومت نے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو 150ملین گیلن پانی کم فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بتانے سے قاصر ہے۔ حکومت سندھ کے پاس کوئی ایک ادارہ درست طریقے سے چلانے کی صلاحیت نہیں۔ کراچی کے شہری سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات روز عوام سے نئے دعوے اور وعدے کرتے ہیں لیکن ان وعدوں کی تکمیل کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔ سندھ حکومت 12سال سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ کراچی کے مسائل صرف تحریک انصاف حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی پہیہ چلانے والے شہر کو پیپلز پارٹی نے کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کر شہر کی رونقیں پھر سے بحال کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر