سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، ڈالر کی قدربڑھ گئی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے دوسرے روز مثبت رجحان رہااور100انڈیکس میں ابتدائی دو گھنٹوں میں 547.13پوائنٹس کااضافہ ہواہے۔ دوسری جانب ڈالر کی قدر میں سات پیسے اضافہ ہوگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کوکاروباری دن کاآغاز41,296.24سے ہواجو بتدریج اضافے کے ساتھ 41,843.37تک جاپہنچا۔تاہم اس کے بعد اس میں کچھ کمی دکھائی دے رہی ہے اور اس وقت 100انڈیکس 41,734.46 پر ٹریڈ کررہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزپیر کواسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی رہی۔کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 42 ہزار 323 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی 100 انڈیکس 809 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 514 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا نظر ایا۔کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں کسی قسم کی بہتری نظر نہیں ائی اور انڈیکس منفی زون میں ہی ٹریڈ کرتارہا۔ کاروبار کے دوران ایک ہزار 116 پوائنٹس کی بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 41 ہزار 207 کی سطح تک گر گیا تھا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا اختتام 1027 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 296 پوائنٹس پر ہوا۔ 100 انڈیکس میں 2 اعشاریہ 49 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی۔کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 200,004,520 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 9,261,240,910 بنتی ہے۔ماہرین کے مطابق امریکا ایران کشیدگی کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط ہیں اور عالمی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کے اثرات ہیں۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر 7 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 154.95 سے بڑھ کر155.02 روپے کا ہوگیا ہے۔گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھا گیا اور اس کی قیمت فروخت 155.10 روپے سے بڑھ کر 155.30 روپے ہو گئی۔انٹربینک میں بھی ڈالر 154.89 سے بڑھ کر 155.10 روپے ہو گیا۔