" میں نے یہ 2 ماہ پہلے ہی کہا تھا کہ۔۔۔ "آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری کے بعد شیخ رشید بھی میدان میں آگئے

" میں نے یہ 2 ماہ پہلے ہی کہا تھا کہ۔۔۔ "آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری کے بعد ...

  



راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ اپوزیشن پارٹیوں نے آرمی ایکٹ کی حمایت کرکے قومی ذمے داری کا ثبوت دیا،میں نے دو ماہ پہلے ہی کہہ دیا تھاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت کریں گے اورآج انہوں نے ووٹ دے کر قومی ذمہ داری کا ثبوت دیاہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے سروسز ایکٹ ترمیمی بلز قومی اسمبلی سے منظور ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں نے بل کی حمایت کرکے قومی ذمے داری کا ثبوت دیا،یہ بل سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ میں بھجوایاتھااورآج یہ متفقہ طورپر منظور ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تمام بڑی جماعتوں نے آرمی ایکٹ کی حمایت کی ہے جو درحقیقت پاکستان کی حمایت ہے ۔

شیخ رشید کاکہناتھا کہ جس طرح عالمی سطح پرحالات بگڑ رہے ہیں، امریکا ایران تعلقات کشیدہ ہو رہے ہیں اوربھارت میں مسلمان جو تحریک چلا رہے ہیں ، بھارت کی خواہش تھی پاکستان میں بدامنی پھیلے اوران کے چھپے ہوئے ایجنٹس اس پر کام کررہے ہیں تاکہ لوگوں کیخلاف کردار کشی ہو۔

انہوں نے کہاکہ ایسے عالم میں میں سمجھتا ہوں کہ ساری قوم پاک فوج کےساتھ کھڑی ہے،انہوں نے کہاکہ میں نے دو ماہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ بھی آرمی ایکٹ ترمیمی بل کو ووٹ دیں گے اورآج انہوں نے ووٹ دے کر قومی ذمہ داری کا ثبوت دیاہے۔شیخ رشید نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کی بہتری کی فضا شروع ہو گئی ہے آج میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان ،پاک فوج اور قوم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ بحران میں آج سیاستدانوں نے قومی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /راولپنڈی