”شعیب اختر اب یہ بھی بتائیں کہ۔۔۔“ باسط علی نے زوردار مطالبہ کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیش کنیریا سے امتیازی سلوک روا رکھنے والوں کے نام بتائیں۔
تفصیلات کے مطابق باسط علی نے شعیب اختر سے مطالبہ کیاکہ وہ ان کھلاڑیوں کے نام ظاہر کریں جو دانش کنیریا سے ہندو ہونے کی بنا پر امتیازی سلوک روا رکھتے تھے۔ میں حیران ہوں کہ کنیریا بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ میں ان پلیئرز کے نام ظاہر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کو پبلسٹی کی ضرورت نہیں، انہیں لازمی طور پر ایسے کھلاڑیوں کے نام ظاہر کرنے چاہئیں، میرے دور میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کبھی رواں نہیں رکھا گیا۔
واضح رہے کہ شعیب اختر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ قومی ٹیم کے چند کھلاڑی مذہب کی بنیاد پر دنیش کنیریا کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھتے تھے جبکہ اس وجہ سے ان کھلاڑیوں کیساتھ گرما گرمی بھی ہوئی۔
شعیب اختر کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد دنیش کنیریا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شعیب اختر کو ان کھلاڑیوں کے نام بھی بتانے چاہئیں اور اگر وہ نہیں بتائیں گے تو میں خود جلد ان کے نام سامنے لاﺅں گا۔