پٹرولیم نرخوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

پٹرولیم نرخوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا
پٹرولیم نرخوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کےچیئرمین الطاف شکور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،پاسبان کی آئینی درخواست کی سماعت 9جنوری 2020ء کوسندھ ہائیکورٹ میں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ڈی پی کے وکیل عرفان عزیز ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر  درخواست میں مو قف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کا غیر آئینی اقدام اور عوام پر سنگین ظلم ہے،عوام پہلے ہی روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بدترین معاشی مسائل کا شکار ہیں، ایسی صورتحال میں حکومت کا اپنے عیش و عشرت کا بوجھ عوام پر ڈالنا ملک میں مزید انتشار کی صورتحال کو جنم دے گا،حکومت ٹیکس لگانے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کومسلسل لوٹتی آ رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہےکہ 30 نومبر ، 2019 کو حکومت نے پٹرولیم پر 25 پیسے فی لیٹر کمی کرکے غریب عوام کے ساتھ مذاق کیا،ملک میں پہلے ہی گیس اور بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے، گھریلو صارفین کےلئےگیس کی سپلائی نہ ہونے کے برابرہوگئی ہے جبکہ ہزاروں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں اور ان کے کارکن بے روزگار ہورہے ہیں،اِن حالات میں حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ اپنی اور اپنے وزراء کے غیر ضروری اخراجات کو کم کرتی، اس کے بجائے حکومت نے مہنگائی کے مارے مظلوم عوام پر اپنا بوجھ ڈال دیا ہے۔درخواست میں مو قف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتیں شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستانی عوام کی معاشی حالت کو بری طرح نقصان پہنچ رہا ہے،آئین پاکستان نے معاشی اور سیاسی انصاف کے تحفظ کے تمام اصول مہیا کیے ہیں اور ان حالات میں جہاں پاکستان کے عوام کو مالی و معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وفاقی حکومت کو عوام کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کرنا چاہئے تھا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عوام نے عوامی مفاد میں پارلیمنٹ کے لئے اپنے ممبروں کا انتخاب کیا ہے،پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور کمی کا فارمولا پارلیمنٹ میں پیش کیوں نہیں کیا جاتا ؟جہاں پر عوام کے نمائندے بیٹھے ہوئے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کی معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیکر عوام کو مزید معاشی بدحالی سے بچائے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی