”نسیم شاہ کو عمر کے تنازعہ پر انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ سے نکالا گیا“ نیا پنڈورا باکس کھل گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے عمر کے تنازعہ کے باعث نسیم شاہ کو انڈر19 ورلڈکپ کے سکواڈ سے باہر نکالا، نسیم شاہ کا نام انڈر19 ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن بعدازاں انہیں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ٹیم کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا جہاں سے انہیں خوب شہرت ملی۔
نجی خبر رساں ادارے ”ڈان نیوز“ کے مطابق پی سی بی نے انڈر19 ورلڈ کپ کے سکواڈ میں نسیم شاہ کے نام کو شامل کیا تھا تاہم بعدازاں ان کے نام کو سکواڈ سے واپس لے لیا گیا تاکہ انٹرنیشنل میڈیا میں نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے تنازع سے بچا جا سکے۔انڈر19 ٹیم کی ورلڈ کپ کیلئے تیاریاں آخری مرحلے میں ہی تھیں کہ پی سی بی نے اچانک نوجوان فاسٹ باؤلر کی میگا ایونٹ میں عدم شرکت کا اعلان کر دیا اور اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس ان کے حوالے سے الگ ارادے رکھتے ہیں۔
دورہ آسٹریلیا کے دوران انٹرنیشنل میڈیا میں نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہوئیں لیکن پی سی بی نے ایسی تمام تر خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نادرا کے ریکارڈ پر انحصار کرتے ہیں اور نسیم کی عمر پر شک و شبہ کی کوئی وجہ نہیں البتہ پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے چند سابق کرکٹرز اب بھی ان کی عمر کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معتبر ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کی عمر کا بھرپور طریقے سے دفاع کرنے کے باوجود پی سی بی نے دورہ آسٹریلیا کے بعد ان کی عمر کے حوالے سے ریکارڈ درست کرنے کیلئے اپنی سطح پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن سی بی کے ڈاکٹرز ان کی اصل عمر پتہ لگانے میں ناکام رہے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ عمر کی جانچ کیلئے کوئی معتبر سائنسی طریقہ کار موجود نہیں اور کھلاڑی کی عمر کی جانچ کیلئے کھیلوں کی کوئی بھی عالمی گورننگ باڈی بون ٹیسٹ کو بھی تسلیم نہیں کرتی۔
جونیئر ٹیم مینجمنٹ کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹورنامنٹ میں فتح کیلئے نسیم کی موجودگی ٹیم کیلئے بہت سودمند ثابت ہوتی لیکن سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان میں رہتے ہوئے ان کی باؤلنگ پر کچھ کام کرنا چاہتے ہیں۔
نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ گفتگو کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آئے البتہ پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ اگر پی سی بی کو نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے کسی قسم کے شکوک و شبہات نہیں تو تحقیقات کیوں شروع کی گئی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ روزمرہ کا طریقہ کار ہے۔