جنرل قاسم سلیمانی کا قتل، ایران نے اپنے ہتھیاروں کو نصب کرنا شروع کردیا، انٹیلی جنس رپورٹ نے تہلکہ برپا کردیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوج اور ایئر ڈیفنس سسٹم کوپیر کے روز ہائی الرٹ کردیا گیا تھا کیونکہ ایسی انٹیلی جنس اطلاعات موجود تھیں کہ ایران امریکی تنصیبات پر ڈرون حملے کرسکتا ہے۔
امریکہ کے 2 اعلیٰ افسران نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی ایک حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس سے امریکی جانوں کو خطرہ تھا اس لیے انہیں راستے سے ہٹادیا گیا۔ ان امریکی افسران نے اس حوالے سے کوئی انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
حکام نے بتایا کہ ایسی انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ ایران نے اپنے اہم ہتھیاروں کو نصب کرنا شروع کردیا ہے جن میں ڈرون اور بیلسٹک میزائل بھی شامل ہیں۔ حملے کے اشارے مل رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں ممکنہ حملے کے خطرے پر نظر رکھنی پڑ رہی ہے۔
انہوں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت حملے کا خطرہ بڑھ گیا تھا جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کی افواج اور پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم کو ہائی الرٹ کردیا گیا تھا۔
امریکی حکام نے بتایا کہ ایران نے اپنے میزائل ڈرون طیاروں پر نصب کررکھے ہیں جس کا ایک ثبوت گزشتہ برس سعودی آئل فیلڈ پر ہونے والا حملہ ہے۔ پیر کے روز امریکہ کی میری ٹائم ایڈمنسٹریشن نے ایک ایڈوائزی بھی جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایران سمندر میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔