دہشتگرد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، خاتون سمیت 2 زخمی، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک

دہشتگرد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، خاتون سمیت 2 زخمی، جوابی کارروائی ...
دہشتگرد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید، خاتون سمیت 2 زخمی، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)تھانہ کینٹ کے علاقے صدر میں محافظ پٹرولنگ سکواڈ پر دہشتگرد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل محمد علی اور کانسٹیبل سعید احمد شہید جبکہ ایک ڈولفن اہلکار اور ایک راہگیر خاتون زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

پولیس کے مطابق محافظ پٹرولنگ سکواڈ کے اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا تو اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ فائرنگ کی آواز پر ڈولفن پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزم نے ان پر بھی فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور ایک راہگیر خاتون زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی سے ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کو دہشتگردی قرار دیا گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی پوٹھوہارموقع پر پہنچ گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد علی اور شہید کانسٹیبل سعید کے لواحقین سے دلی ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کے بارے میں آرپی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی۔سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ، اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلندرتبہ پایا ، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہیدپولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /پنجاب /راولپنڈی