پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش، اسد قیصر 

پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش، اسد قیصر 

  



اسلام آباد(آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کیساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے، پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے، پاکستان تمام ہمسائے ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے، پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی وفد کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں مہمان نوازی پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ 

 اسد قیصر 

مزید : صفحہ آخر