یہ خاتون بلڈنگ کی گیارہویں منزل کی بالکونی سے اس طرح کیوں لٹکی ہوئی ہے؟ جان کر کوئی بھی اس بے وقوفی پر دنگ رہ جائے
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک تصویر کی خاطر ایک لڑکی نے اپنی جان کچھ اس طرح خطرے میں ڈال لی کہ دیکھنے والوں کے دیکھ کر ہی اوسان خطا ہو گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ لڑکی اپنی ایک سہیلی کے ساتھ آسٹریلیا کے ساحلی شہر مولولابا کی ایک کثیرمنزلہ عمارت کی 11ویں منزل پر ہوتی ہے اور بالکونی کے جنگلے کے ساتھ باہر لٹک کر اپنی سہیلی سے تصویر بنانے کو کہتی ہے۔
ایک ہمسائے نے لڑکی کی یہ حرکت دیکھ کر اس کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پرپوسٹ کر دی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی جنگلے کے باہر لٹک کر ایک ہاتھ چھوڑ دیتی ہے اور ہوا میں جھولنے لگتی ہے جبکہ اس کی سہیلی اس کی تصویر بنارہی ہوتی ہے۔ اس آدمی نے 9نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”لڑکی کی یہ حرکت دیکھ کر میرا کلیجہ منہ کو آنے لگا۔ مجھے لگ رہا تھا کہ اس کی دوسری تصویر اس وقت بنے گی جب وہ گر کر زمین پر ایک لاش کی صورت میں پڑی ہو گی۔ یہ ایک انتہائی احمقانہ حرکت تھی جس کا کوئی ذی ہوش تصور بھی نہیں کر سکتا۔“