پولٹری فیڈکی ضروریات میں اضافہ ہورہا ہے، عدیل احمد
مکوآنہ (این این آئی) پولٹری انڈسٹری سالانہ 9فیصد کی شرح کے ساتھ اپنا دائرہ بڑھا رہی ہے اور اسی شرح سے پولٹری فیڈکی ضروریات میں بھی اضافہ ہورہا ہے لہٰذا کاشتکارزیادہ پیداواری امکانات کی حامل مکئی کی اقسام کاشت کرکے اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے کہا کہ تحقیقی کاوشوں کے نتیجہ میں پاکستان نے گزشتہ دہائیوں کے دوران مکئی کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور مکئی کی 2.86ٹن فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ وہ کئی ممالک پرسبقت حاصل کر چکا ہے جبکہ مکئی کی مقامی دوغلی اقسام کی تیاری کے حوالے سے مقامی زرعی تحقیقاتی ادارہ اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ایچ 810، ایف ایچ 421،ایف ایچ 985، ایف ایچ 949،ایف ایچ 793اور ایف ایچ 1046وغیرہ زیادہ درجہ حرارت اور گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔جبکہ ان اقسام کی چھلیاں 8سے10انچ لمبی ہوتی ہیں اور ان چھلیوں پر دانوں کی 16سے18قطاریں موجود ہونے کی وجہ سے پیداواری صلاحیت 100سے110من فی ایکڑ ہے۔
انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے چھوٹے کاشتکار ادارہ کی تیار کردہ مقامی دوغلی اقسام کا بیج سستا ہونے کی وجہ سے کاشت کو ترجیح دیتے ہیں۔