نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے ہائر ایجوکیشن فیکلٹی کا افتتاحی سیشن
لاہور(پ ر)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن فیکلٹی ڈویلپمنٹ پاکستان (ایچ ای ڈی پی) کے تحت "نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے ہائر ایجوکیشن فیکلٹی" کے افتتاحی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔بیس روز تک جاری رہنے والا تربیتی پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن اسلام آباد کے خصوصی تعاون سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ہوا جو کہ خصوصی طور پر نوجوان فیکلٹی ممبران کیلئے مختص کیا گیا جس کا مقصد ایک فیکلٹی ممبر کو کامیاب کیریئر کی تین جہتوں میں ضروری علم، مہارت اور رویوں کی منتقلی کو تیز کرنا ہے جس کے تحت تعلیم و تربیت، جدید طریقہ ریسرچ اور پیشہ ورانہ مہارت جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔تربیتی پروگرام کا افتتاح وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کیا جنہوں نے فیکلٹی کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور جدید علوم کو سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پہلے دن پروفیسر اصغر ندیم سید معروف پاکستانی ڈرامہ نگار، ٹی وی ڈرامہ سیریل کے مصنف اور شاعر نے فیکلٹی ممبران کو تربیت دی، انہوں نے "اعلیٰ تعلیم و تدریس کو بطور پیشہ" کے موضوع پر سیر حاصل لیکچر دیا۔یہ تربیتی پروگرام رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔