عمران خان چوری کا تسلی بخش جواب دینگے تو رہا ہونگے: احسن اقبال 

    عمران خان چوری کا تسلی بخش جواب دینگے تو رہا ہونگے: احسن اقبال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            کراچی(این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس لیے قید ہیں کہ وہ رسیدیں نہیں دکھا سکے۔ اگر وہ 50 ارب روپے چوری کا تسلی بخش جواب دیں گے تو رہا ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی اور خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ اور ان مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار مطالبات پر ہے۔ جو پی ٹی آئی کی طرف سے سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات ایسے ہوئے جو حکومت پورے کر سکتی ہوئی تو حکومت ضرور پورے کرے گی۔ تاہم عمران خان کی قید سیاسی بنیادوں پر نہیں ہے۔ وہ اس لیے قید ہیں کہ وہ رسیدیں ہی نہیں دکھا سکے۔عمران خان جب اصلی رسیدیں دکھائیں گے اور قانون کو مطمئن کریں گے تو وہ رہا ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو قیدی ٹرائل کورٹ کے اندر ہیں۔ ان کی آزادی کا راستہ صرف عدالتوں کے ذریعے ہی ہے۔ جنہوں نے پاکستان کی فوجی چھاؤنیوں پر حملے اور جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کی معافی تو امریکہ اور برطانیہ بھی نہیں دیتے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں ہلکی پلکی موسیقی چلتی رہتی ہے، مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی ملک کی دو بڑی جماعتیں ہیں، جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں مگر پاکستان کے نظریے پر دونوں ایک ہیں، ملک کو درپیش معاشی بحران اور دہشت گردی کی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے محاذ آرائی کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔وزیر منصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 4 سال تک سندھ حکومت کو نظرانداز کیا، کیوں کہ یہاں اس کی مخالف حکومت تھی اور وفاقی منصوبوں کو فنڈز مہیا نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وزیر اعظم کی ہدایت پر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سندھ اور باقی صوبوں سے اتفاق ہوا ہے کہ ہم قومی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کو قومی اہداف سے ہم آہنگ کریں گے تاکہ اڑان پاکستان کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھرپور طریقے سے فنڈز جاری کرے گی اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نکلنے کی سندھ کی کوششوں میں حصہ ڈالے گی۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان کی دستاویز سے ظاہر ہے کہ پیپلزپارٹی ہماری شراکت دار ہے، ہم تو اس حد تک گئے ہیں کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا ہے اور اڑان پاکستان کی دستاویز پر تمام وزرائے اعلیٰ کے دستخط موجود ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان حکومت کا نہیں پاکستان کی قوم اور پاکستان کے مستقبل کا منصوبہ ہے۔ہم نے عوام کے اشتراک سے اس پر عملدرآمد کرنا ہے لہٰذا یہ سیاست سے بالاتر ہے، میں نہیں سمجھتا کہ اڑان پاکستان سے کسی کو اختلاف ہوسکتا ہے۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ اول -