قومی ہیرو شہید اعتزاز حسن کی 11 ویں برسی منائی گئی
ہنگو(این این آئی) اپنی جان دے کر سیکڑوں جانیں بچانے والے قومی ہیرو شہید اعتزاز حسن کی 11 ویں برسی منائی گئی۔6 جنوری 2014ء کو شہید طالب علم اعتزاز حسن نے ہنگو میں گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم زئی پر خود کش حملے کو ناکام بناکر سیکڑوں طلبا کی جانیں بچائیں، پندرہ سال کی عمر میں ملک دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر جام شہادت نوش کیا۔اساتذہ اور دوست آج بھی اعتزاز حسن کی بہادری کو یاد کرتے ہیں اور قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جان کی پرواہ نہ کرنے والے طالب علم کو حکومت کی جانب سے ستارہ شجاعت سے بھی نوازا گیا۔ہنگو کے علاقہ ابراہیم زئی میں خودکش بمبار نے سکول میں خودکش حملہ کرنا چاہا لیکن سکول کے طالب علم اعتزاز حسن کو اس کے مذموم ارادے کی بھنک پڑی اور جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے جکڑ لیا۔جام شہادت نوش کرنیوالے اعتزاز حسن نے سکول میں پڑھنے والے دوہزار طالب علموں کی جان بچائی تھی اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہید اعتزاز حسن نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کر کے اپنے سکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی،اعتزاز کی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔پیر کو پی ایم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہید اعتزاز کی برسی کے موقع پر کہا کہ آج ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے پاک مٹی کے فرزند شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں جن کی غیر معمولی جرات ہمارے لئے امید کی کرن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صرف 15 سال کی عمر میں اعتزاز نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے سکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز کا بے لوث اور غیر متزلزل عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے۔
اعتزاز حسن