لکی مروت، مسلح افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید
لکی مروت (این این آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکار ڈیوٹی کیلئے جا رہے تھے ان پر فائرنگ کردی گئی۔ دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پرتعینات تھے اور موٹر سائیکل پر ڈاک لینے تھانے جا رہے تھے ڈی پی او لکی مروت کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی نعشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے قریب پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر تاریخ رقم کی ہے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اہلکار شہید