نئی انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

نئی انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

  

پاکستان الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی ہوگی اور اس سلسلے میں 21 روزہ خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ خصوصی مہم کا آغاز ستمبر میں ہوگا۔ اساتذہ گھر گھر جا کر نئے ووٹروں کا اندارج کریں گے جبکہ انتقال کر جانے والوں کے نام فہرست سے خارج کر دیئے جائیں گے۔ 21 روزہ مہم مکمل ہونے کے بعد پاکستان الیکشن کمیشن کی جانب سے قریبی ڈسپلے سنٹرز پر نئی اور نظر ثانی شدہ انتخابی فہرستوں کو آویزاں کر دیا جائیگا، جہاں سے کوئی بھی ووٹر اپنے ووٹ کی تصدیق کر سکے گا۔ پاکستان الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے لئے گزشتہ سال بھی اگست میں نظرثانی کا کام کیا گیا تھا۔ اب جبکہ عام انتخابات اگلے سال ہونے والے ہیں تو انتخابی فہرستوں کی بر وقت خصوصی مہم کا فیصلہ خوش آئند ہے نئے انتخابات میں تقریباً ایک سال باقی ہے لیکن ملک میں سیاسی حالات کی وجہ سے کسی بھی وقت عام انتخابات کا اعلان ہوسکتا ہے اگر قبل از وقت الیکشن کا اعلان نہ بھی ہو، تب بھی پاکستان الیکشن کمیشن کو اپنا ’’ہوم ورک‘‘ مکمل کرلینا چاہیے۔ عام انتخابات ہوں یا ضمنی انتخاب ، ہر موقع پر انتخابی فہرستوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ اس لئے بروقت تیاری بے حد ضروری قرار دی جاتی ہے۔ پاکستان الیکشن کمیشن نے اپنی اس ذمہ داری کا احساس صحیح وقت پر کیا ہے، توقع کی جانی چاہیے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام درست طریقے سے اور بروقت مکمل کر لیا جائیگا اور جب بھی الیکشن کا مرحلہ آیا، کسی دشواری یا ایمرجنسی کے بغیر انتخابی فہرستوں سے ہر ووٹر اپنے ووٹ کی تصدیق کرتے ہوئے اپنا ووٹ نمبر بھی حاصل کر سکے گا۔ انتخابی فہرستوں میں نئے ووٹرز کے اندارج اور انتقال کر جانے والوں کے ووٹ کو خارج کرنے کا مرحلہ بہت اہم ہوتا ہے۔ اس مرحلے کو آسان اور قابلِ عمل بنانے کے لئے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی 21 دنوں میں مکمل کرلینے کی پلاننگ اہمیت کی حامل ہے۔ انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے بعد ڈسپلے سنٹرز کے انتخاب اور وہاں فہرستوں کو محفوظ رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے پاکستان الیکشن کمیشن کو ان تمام باتوں کا خیال رکھتے ہوئے اس مرحلے کو مکمل کرنا چاہیے تاکہ کسی سیاسی جماعت یا عوامی حلقے کو اعتراض کرنے کا موقع نہ مل سکے۔

مزید :

اداریہ -