مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل کی تلاش جاری

مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل کی تلاش جاری

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے کہاہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل کھلاڑیوں کی تلاش ہے، عمرا کمل سمیت تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں خلا پیدا ہوا ہے جسے پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لڑکوں پر محنت کی جا رہی ہے اور دیکھا جا رہا ہے کہ کون سا لڑکا مستقبل کا یونس خان یا مصباح الحق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیلئے اچھے کرکٹرز ملے ہیں لیکن ٹیسٹ میں ابھی تک کمی برقرار ہے ۔ ہمیں آل رانڈرز نہیں مل رہے۔ مشتاق احمد نے عمر اکمل سمیت دیگر کھلاڑیوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل سمیت سب لڑکوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی