10لاکھ طلبا کو آئی ٹی کی تعلیم کیلئے لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ، انوشہ رحمن

10لاکھ طلبا کو آئی ٹی کی تعلیم کیلئے لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ...

  

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں 10 لاکھ طلباء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کیلئے آئی ٹی لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا میں 23 سے زائد سکولوں میں طالبات کو آئی ٹی ٹیلی کام کی تعیلم کیلئے لیبارٹریوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں، قبائلی علاقوں میں طالبات کے 10 سکولوں میں اس حوالہ سے سیکورٹی کلےئرنس کے بعد کمپیوٹر لیبارٹریوں کے قیام کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہان وزارت آئی ٹی میں یونیورسل سروسز فنڈ اور وزارت کیڈ کے درمیان ایک معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کیڈ کے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، سیکرٹری کیڈ نرگس گھلو اور دونوں وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کام نے کہا کہ طالبات میں بہت زیادہ صلاحیتیں ہیں مگر انہیں ان کے اظہار کیلئے مواقع فراہم نہں کئے جاتے،ان بچیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم سے بہرہ مند کرنے کا مقصد انہیں شادی کے بعد بھی معاشرے کیلئے مفید شہری بنانا ہے، ٹیکنالوجی کی وجہ سے لینڈ اسکیپ بدل رہا ہے، طالبات ٹیکنالوجی کے استعمال سے گھر میں بیٹھ کر باعزت ذریعہ آمدن اختیار کر سکتی ہیں، ہم نے چھوٹی عمر سے بچیوں میں آئی ٹی کی تعلیم کیلئے پروگرام شروع کیا ہے جس میں دوسرے مرحلہ کے منصوبے کیلئے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف)/وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام اور وزارت کیڈ کے مابین ایم او یوز پر دستخط کئے گئے، ان کمپیوٹر لیبز کو آئی سی ٹی کے 119 سکول برائے طالبات میں قائم کیا جا ئے گا۔ یونیورسل سروس فنڈ کے سی او حارث چوہدری نے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ہمراہ دستخط کئے۔اس منصوبے کے دوسرے مرحلہ کے تحت طالبات کے 119 سکولوں میں تربیت یافتہ انسانی وسائل اور آئی سی ٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق 119 اساتذہ کو ہائر کیا جائے گا جو 85,581 طالبات کو تربیت دیں گی۔ یہ منصوبہ مائیکرو سافٹ کے تعاون سے چلایا جائے گا جو بعد میں طالبات کو کمپیوٹر کی تکنیکی تربیتی مہارت جس میں کوڈنگ اور Clou کمپوٹنگ وغیرہ بھی شامل ہو جائے گی ۔اس کا مقصد لڑکیوں کو آئی سی ٹی سے متعلق کیریئرز کے ابتدائی مراحل کی اہلیت اور ڈیجیٹل کوڈنگ کی مہارت کو فروغ دینا اور ان سے مستفید ہو نا ہے اس کا مقصد لڑکیوں کو جدید آئی ٹی کے علم کے ساتھ لیس کر کے ان کو با اختیار بنانا اور ان کیلئے آئی ٹی سیکٹر کی نئی راہیں کھولنا ہے۔ یہ ان طالبات کو کاروباری افراد بننے میں بھی سہولت فراہم کرے گا اور علم کی بنیاد پر مبنی معیشت میں شراکت اور ملک کے مستقبل کو بنانے میں معاون ثابت ہو گا اس سے قبل منصوبے کے پہلے مرحلہ میں آئی سی ٹی کے 107 سکولوں میں کمپیوٹر لیبز قائم کی گئی تھیں ۔وزیر مملکت نے کہا کہ اس منصوبہ سے آئی ٹی کی تربیت سے آراستہ ہو کر نوجوان طالبات کی زندگی میں بہتری آئے گی انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی معیشت کی طاقت ہے اور ہم اس طاقت کو استعمال کر رہے ہیں تاکہ طالبات کو معاشرے کے مختلف حصوں میں بااختیار بنایا جائے اور اس پہلو کے نکتہ نظر سے ہم ان طالبات کی مدد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس کے ساتھ ہی ان میں صنفی مساوات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی ۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ نے اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دیہی اور شہری علاقہ میں آئی ٹی کی تعلیم کے خلا کو پُر کرے گا ۔ہم نے وزیر آئی ٹی سے درخواست کی ہے کہ طالبات کے ساتھ ساتھ طلبہ کیلئے بھی کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کی جائیں تاکہ کوئی امتیاز قائم نہ رہے، دیہاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کے سکولوں کو بھی اس منصوبے سے مستفید کیا جائے۔

مزید :

کامرس -