پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کا انتخاب کریں،زرعی ماہرین

پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کا انتخاب کریں،زرعی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر ) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو پھول گوبھی کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی نامیاتی مادہ سے بھرپور ذرخیز میرازمین کے انتخاب کی ہدایت کی ہے اور بتایاہے کہ پھول گوبھی غذائیت سے بھر پور ریشہ دار سبزی ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس ، شوگر، سوڈیم، وٹامنز، نمکیات۔ فیٹی ایسڈ اور امائنو ایسڈ وغیرہ شامل ہیں نیز پھول گوبھی وٹامن سی ، مینگا نیز، بیٹا کیروٹین اور فیرولک ایسڈ کا اچھا ذریعہ ہونے کی وجہ سے دل اور کینسر جیسی بیماریون کے خطرہ کو کم کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں اس میں وٹامن کے اور اومیگا 3، فیٹی ایسڈز کی وافر مقدار میں موجودگی ، معدے کے کینسر ، جوڑوں کی سوزش ، موٹاپا اور ذیا بیطس کی بیماریوں کے خطرہ کی کم کرنے میں مدددیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پھول گوبھی سرد مرطوب آ ب وہوا میں اچھی پیداوار دیتی ہے اورپھول گوبھی کے لیے مناسب درجہ حرارت 17سے18ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن پکنے کے وقت اگر درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجائے تو اس کی نشوونما پر برااثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جائے تو سبز پتیاں نکل آتی ہیں جس سے پھول کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ پھول گوبھی کی کاشت کے لیے اچھے نکاس والی نامیاتی مادہ سے بھر پور زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔

مزید :

کامرس -