سجل علی کی پہلی انڈین فلم’’ مام ‘‘آج ریلیز ہوگی
لاہور(فلم رپورٹر)’’یلغار ‘‘میں جاندار پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لینے والے عدنان صدیقی اور خوبصورت اداکارہ سجل علی سوشل تھرلر انڈین فلم ’’مام ‘‘سے اپنے بالی وڈ کرئیر کا آغاز کریں گے آج سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہے۔پاکستان میں اس فلم کی نمائش کے حقوق ہم فلمز اور ایورریڈی کے پاس ہیں ۔فلم کی کاسٹ میں بالی وڈ کے نمایاں ستارے شامل ہیں جن میں سری دیوی اور اکشے کھنہ کے علاوہ نوازالدین صدیقی کا خصوصی کردار بھی شامل ہے۔فلم کی موسیقی بالی وڈ کے ممتاز موسیقار اے آر رحمن نے ترتیب دی ہے۔
جب کہ یہ فلم سری دیوی کی300ویں فلم بھی ہوگی جو کہ اس فلم میں ایک پرعز م ماں کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔ عدنان صدیقی ان کے شوہر اور سجل علی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں۔اکشے کھنہ بھی ایک طویل وقفے کے بعد بڑی سکرین پر نظر آئیں گے ۔ نواز الدین صدیقی کے کردار نے فلم کے ٹریلر کے اجراء کے ساتھ ہی لوگوں میں تجسس پیدا کردیا ہے جب کہ پاکستانی ستارے بھی اچھے کردار میں نظر آرہے ہیں۔