حتف 9نصر بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پی ٹی آئی کی مبارکباد کی قرارداد جمع

حتف 9نصر بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پی ٹی آئی کی مبارکباد کی قرارداد ...

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاک فوج کو حتف 9نصر بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں مبارکباد کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے پی ٹی آئی کے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے اپنی قرار داد میں کہا ہے کہ مادر وطن پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر بنانے پر چیف آف آرمی سٹاف، پاک فوج کے تمام سربراہان ، سائنسدان اور انجینئرز کو خواج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی مسلسل کاوشوں سے دشمن کے دانت کھٹے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے قرار داد میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق عسکری تیاریوں پر افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتاہے اور بھارت کے کولڈ سٹارٹ نظریے پر ٹھنڈا پانی ڈالنے کے آرمی چیف کے بیان کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور بھارت کی خطے میں بالادستی کے خواب چکنا چور کرنے کیلئے ہونے والی کاوشوں کو سراہتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بھی افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے اور دشمن کی طرف سے ہونے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے ایم پی اے شعیب صدیقی نے اس امر پر تشویش کا اظہا رکیا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کے ذریعے اسلحے کے انبار لگائے جا رہے ہیں اور ہمارے محکمہ خارجہ کو بیان تک دینے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4