سیلاب کے پیش نظر راوی بند پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے سیلاب کے حوالے سے اقدامات کے پیش نظر شاہدرہ موڑ کے قریب دریائے راوی کے بند پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے غیر قانونی طور پر بنائی گئی 8 دکانوں سمیت3مکانوں کو مسمار کر دیا ہے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن 4گھنٹے تک جا ری رہا۔آپریشن کی نگرانی اے سی (سٹی) عبداللہ خرم نیازی نے کی۔آپریشن میں راوی ٹاؤن اور محکمہ انہار کے ملازمین نے شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ لاہور ہر سال مون سون کے موسم میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر اقدامات کر تی ہے۔اس سال بھی مختلف محکموں کے ساتھ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ شاہدرہ موڑ کے قریب دریائے راوی کے کنارے نا جا ئز تجاوزات کو ختم کیا جائے۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)عبداللہ خرم نیازی اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کے ہمراہ تجاوزات کو ہٹانے والی بھاری مشینری کے ساتھ شاہدرہ موڑ دریا کے کنارے پہنچے۔ٹی ایم او (راوی ٹا ؤن)،محکمہ انہار کے افسران و عملہ بھی اُن کے ہمراہ تھا۔کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پو لیس اہلکار بھی سکواڈ کے ساتھ تھے۔آپریشن کے دوران 8دکانوں سمیت3مکانوں کو مسمار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے اے سی (سٹی) کو شا باش دی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور دریائے راوی پر تجاوزات کے خاتمہ تک آپریشن کو جا ری رکھے گی۔