آزادی چوک کے قریب جدید سپوٹس جمنازیم بنے گا
لاہور (جنرل رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کہا ہے کہ آزادی چوک کے قریب جدید سپورٹس جمنازیم تعمیر کیا جائے گا جس میں سکوائش، بیڈمنٹس، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، میٹ ریسلنگ و دیگر انڈور کھیلوں سمیت بچوں کے لیے کورٹس بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیسی کشتی پنجاب کا روایتی کھیل ہے آزادی چوک کے قریب موجودہ دیسی اکھاڑہ کو قائم رکھا جائے گا اور اس کی تعمیر نو کرکے مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سپورٹس جمنازیم کی تکمیل سے پہلے دیسی اکھاڑہ کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا اور دیسی اکھاڑہ کی تعمیر نو کا ڈیزائن سپورٹس بورڈ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس جمنازیم کے ساتھ ساتھ دیسی کشتی کے اکھاڑہ کو نئی سہولیات سے مزین کیا جائے گا۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار سپورٹس جمنازیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبداﷲ خرم نیازی، ڈائریکٹر ایل ڈی اے اور سپورٹس بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ایل ڈی اے سپورٹس جمنازیم کو تعمیر کرے گا جبکہ پنجاب سپورٹس بورڈ دیسی اکھاڑہ کی تعمیر نو کے لیے ڈیزائن فراہم کرے گا جس کے لیے تقریباً 55 کنال اراضی کو استعمال میں لایا جائے گا۔