سیور اور ڈسپوزل کے معاملات میں سدھار لانا ہو گا،چودھری عاشق حسین
لاہور ( جنرل رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے پنجاب میونسپل فنڈز کمپنی کے ایکسپرٹ چوہدری عاشق حسین کو واسا ہیڈ آفس میں دعوت دی۔ واسا آپریشن اور انجینئرنگ کے افسران کو جدید تکنیکی صلاحیتوں سے روشناس کرنے کیلئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں واسا کے کمیٹی روم میں منیجنگ ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران کو طلب کیا اس موقعہ پر ڈی ایم ڈی (آپریشن ) شکیل احمد کشمیری بھی موجود تھے۔ ورکشاپ میں ایکسپرٹ چوہدری عاشق عاشق حسین نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈسپوزل اسٹیشنز اور سیور سے متعلق مختلف تکنیکی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیور اور ڈسپوزل کے معاملات میں سدھار لانے کیلئے عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیور کا پانی ڈسپوزل اسٹیشن تک اڑھائی انچ فی سیکنڈ ولاسٹی کیساتھ پہنچے ۔ اکثر اوقات جب سیور پوری طرح سِلٹ سے بھر جاتا ہے تو اس کی صفائی کا سوچا جاتا ہے مگر یہ درست نہیں۔سیور کی ہمیشہ پہلے ڈی سلٹنگ کی جائے تاکہ ڈی سلٹنگ کے عمل میں دشواری نہ آئے اس طرح ڈسپوزل اسٹیشن پر لگائے گئے پمپوں کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے لگائے جانے والے سیور کیساتھ سیپٹک ٹینک لازمی بنائے جائیں۔