وزیر اعظم سازش بے نقاب کریں، خورشید شاہ

وزیر اعظم سازش بے نقاب کریں، خورشید شاہ

اسلام آباد(اے این این) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے مریم نواز کے بیان پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم راز چاک کردیں اور سازش بے نقاب کر دیں ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کی جانب سے بار بار نواز شریف کے خلاف سازش کے الزامات سامنے آرہے ہیں ،اب پارٹی کے قائد کی ذمہ داری ہے کہ جو سازش ہو رہی ہے اسے بے نقاب کریں ۔خورشید شاہ نے کہا ہمارے لئے ریاست پہلے اور حکومتیں بعد میں ہیں، لہذا اگر حقیقت میں کوئی سازش ہے تو میری جماعت بطور اپوزیشن ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔انھوں نے گذشتہ روز وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پاس اگر کوئی بھی رازہے تو وہ قوم کو اس سے آگاہ کریں، لیکن یہ الزامات کی سیاست ملک کو مزید بحران کی جانب لے کر جائے گی۔ان کا کہنا تھا میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ن لیگ کی جانب سے سازشوں کا الزام آخر کس کی جانب اشارہ ہے، کیونکہ نہ اپوزیشن ایسا کوئی کام کررہی ہے اور نہ ہی کوئی ادارہ یہ کام کرسکتا ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر یہ سازش ہے تو یہ وزیراعظم کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے، لہذا میں نواز شریف سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سب جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر بتائیں اور جو راز ان کے دل میں ہے اسے بے نقاب کردیں۔

خورشید شاہ

مزید : صفحہ اول