آئندہ عام انتخابات ، عمران خان نے اندرون خانہ کنفرم ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا

آئندہ عام انتخابات ، عمران خان نے اندرون خانہ کنفرم ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل ...

  

لاہور(شہزاد ملک سے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کے امیدواروں میں اندرون خانہ کنفرم ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کردیا ہے، ٹکٹ تقسیم کرنے والے ان امیدواروں کو ابھی سے اپنے اپنے حلقوں پر توجہ دینے اور الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدائت کی گئی ہے۔ عمران خان نے اس بات کا فیصلہ 2013 ء کے عام انتخابات میں وقت سے پہلے ٹکٹ تقسیم نہ کرنے کی غلطی دور کرنے کے لئے کیا ہے۔گزشتہ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں مصروف تھی اور ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل بروقت شروع نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے امیدوار اپنے حلقوں میں اس طرح سے انتخابی مہم نہیں چلا سکے تھے جس طرح کسی امیدوار کو حلقہ میں مہم چلانے کی ضرورت ہوتی ہے اس بات کا انکشاف ہارنے والوں نے عمران خان سے کیا تھا۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ عمران خان بنی گالہ میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کی موجود گی میں مشاورت کے ساتھ پارٹی امیدواروں میں ٹکٹ تقسیم کررہے ہیں ،سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور جو لمبے عرصے سے پی ٹی آئی کے اندر غیر فعال کردار ادا کررہے تھے انہیں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔ یہاںیہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ انتخابات میں اس حلقہ سے الیکشن لڑنے والے حامد خان نے عمران خان سے آئندہ الیکشن میں ذاتی مصروفیات کی وجہ سے الیکشن نہ لڑنے کی پیشگی معذرت کر لی تھی جس کی وجہ سے یہاں سے چودھری سرور کو ابھی سے ٹکٹ دیکر انہیں الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدائت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اسی طرح سے پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نذر محمد گوندل‘ فردوس عاشق اعوان اور ماضی میں دوسری جماعتوں کے جتنے سر کردہ رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں ان کے بھی ابھی سے ٹکٹ کنفرم کرد یئے گئے ہیں اور انہیں ان کے حلقوں میں الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدائت کی گئی ہے تاکہ بعد میں کوئی امیدوار یہ شکائت نہ کر سکے کہ اس کو الیکشن کی تیاریوں کے لئے وقت نہیں دیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق عمران خان اس وقت بڑی تعداد میں ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل کر چکے ہیں اور وہ یہ ٹکٹ سب کو اپنے ہاتھوں سے دے رہے ہیں ۔

پی ٹی آئی ٹکٹ

مزید :

صفحہ اول -