عوام کے مسترد سیاسی عناصر کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی : شہباز شریف

عوام کے مسترد سیاسی عناصر کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی : شہباز شریف
 عوام کے مسترد سیاسی عناصر کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی : شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح،خوشحالی اور معاشی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) کو اقتدار ملا تو پاکستان بدترین اندرونی اور بیرونی مسائل میں گھرا ہوا تھاتاہم گزشتہ چار برس کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں تعمیروترقی کا تاریخی سفر کامیابی سے آگے بڑھایاگیا ہے اورمسلم لیگ(ن) ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کرترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیابی ہوئی ہے ۔ورثے میں ملی تباہ حال معیشت کو بحال کر کے مضبوط بنیادوں پر استوار کیاگیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اورغلط پالیسیوں کے باعث قومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوااوران حکمرانوں کی بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مارسے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ دورآمریت میں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کرپنجاب کے سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر زمینوں کا کاروبار کیا اوران حکمرانوں کے کرپشن کے قبرستانوں کو ہم نے ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے ۔ قوم کو کنگال کرنیوالے کرپٹ حکمران آج سی پیک منصوبہ بنانے کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں ۔ ان حکمرانوں کو اپنے دور میں اس منصوبے پر عملدر آمد کا خیال کیوں نہ آیا ؟۔کرپٹ حکمرانوں نے قوم کو اندھیرے ،غربت اوربے روزگاری کے تحفے دےئے اورقوم آج تک ان حکمرانوں کی لوٹ ماراورکرپشن کی داستانوں کو بھلا نہیں پائی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالااورقوم کی مشکلات بڑھائیں۔دھرنے والوں نے اپنی ہٹ دھرمی ،ضد اورمنفی سیاست کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کی ۔عوام ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں اورترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوپہچان چکے ہیں اور عوام کے ٹھکرائے ہوئے ان عناصر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مکمل کرے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے شہر تیانجن کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔چینی وفد کی قیادت تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن،چائنہ کے نائب صدریان بنگ کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن پنجاب میں جدیدٹیکنالوجی اینڈووکیشنل ایجوکیشن یونیورسٹی قائم کرے گی اور یونیورسٹی کا نام پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ہوگا۔پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے طلباء و طالبات کو مشترکہ ڈگری دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وفد کی جانب سے پنجاب کے فنی تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کوتربیت کی پیشکش خوش آئندہے اورپنجاب حکومت اس پیشکش کابھر پور فائدہ اٹھائے گی اور فنی تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کو تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی سے تربیت دلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت سے آراستہ کرنا میرا مشن ہے اورپنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کا منصوبہ صوبے میں معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہوگاکیونکہ چین کی معاشی ترقی میں بھی اس کی معیاری ہنر مندافرادی قوت کا بڑااہم کردار ہے اور آج چین جن بلندیوں کو چھو رہاہے،اس میں چین کی معیاری افرادی قوت کابڑا ہاتھ ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اورکھپت کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کوبااختیار بنا کر معاشی انقلاب برپا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی علوم سکھا کر بااختیار بنائیں گے اورمعیاری ہنر مندافرادی قوت قومی تعمیر وترقی میں اہم کردارادا کرے گی اوراسی مقصد کے پیش نظر پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بنایاگیاہے اوریقیناًچین کی مہارت ہمارے لئے سود مندہوگی،جس طرح کی سہولتیں اورجدید فنی تعلیم تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی میں فراہم کی جارہی ہیں اور ایسی ہی سہولتیں پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی میں ملیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی کے ماہرین پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کا نصاب تیار کریں گے جسے پنجاب کی ضرورت کے مطابق ڈھالا جائے گا،اسی طرح ٹیوٹا ،سکل ڈویلپمنٹ کمپنی اورپی وی ٹی سی کے اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کیلئے تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی سے تربیت دلائی جائے گی اور پہلے مرحلے میں100 اساتذہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت لیں گے جبکہ پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی میں چین کے اساتذہ شامل ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماسٹرٹرینرز کی تربیت کیلئے چین جانیوالے اساتذہ کا انتخاب سو فیصد میرٹ پر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی تربیت کیلئے چین بھجوانے کیلئے اساتذہ کے ا نتخاب اوردیگر امور کا جائزہ لے گی اوراس ضمن میں تیزرفتاری سے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 100 سکولوں میں فنی تعلیم کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔اس پائلٹ پراجیکٹ کو تیزی سے مزید سکولوں میں پھیلایاجائے گا۔اس پروگرام کا آغاز رواں برس ستمبرسے ہوگا۔ تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن،چائنہ کے نائب صدریان بنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں اورہم اپنے بھائیوں کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے تجربے اورمہارت سے پنجاب میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام میں مکمل سپورٹ دیں گے۔ فنی تعلیم کے اساتذہ کوتیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی میں تربیت دینے کیلئے تیار ہیں ۔فنی تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کیساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا۔صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹریز سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن،محنت ،چےئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب،چےئرمین ٹیوٹااوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -