لاہورسمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے حبس کم ہو گیا
لاہور (کامرس رپورٹر)ملک کے بیشتر علاقے گزشتہ روز بھی شدید حبس کی لپیٹ میں رہے تاہم شام کے وقت صوبائی دارالحکومت سمیت خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے حبس کی گھٹن کم ہو گئی اور موسم خوش گوار ہو گیا۔صوبائی دارالحکومت میں سارا دن ہی شدید حبس رہا لیکن شام کے وقت گہرے بادل چھا گئے اور دن میں ہی رات کا سماں ہو گیا جس کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے شہر میں جل تھل ہو گیا نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ بڑی شاہراوءں بھی پانی میں ڈوب گئیں جس سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا اور سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگیں رہیں جبکہ پانی میں کئی گاڑیاں بند ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کیمطابق بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ آئندہ 12گھنٹوں پنجاب میں راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، لاہور، ڈی جی خان ڈویڑن، خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ، ہزارہ، ڈی آئی خان، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔