قطر کا تخریبی کردار قبول نہیں،عالمی برادری دہشتگردی سے نمٹنے کی ذمہ داری قبول کرے:عرب ممالک

قطر کا تخریبی کردار قبول نہیں،عالمی برادری دہشتگردی سے نمٹنے کی ذمہ داری ...

  

قاہرہ(آن لائن)مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے چار عرب ممالک قطر کے تخریبی کردار کو قبول نہیں کرسکتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ عالمی برادری کو بھی دہشت گردی سے نمٹنے کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔وہ گزشتہ روزقاہرہ میں قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ اب صورت حال قطر پر دہشت گردی کا الزام عائد کرنے تک محدود نہیں رہی ہے بلکہ اس کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور اس پر مستزاد دوحہ کا پیچیدہ طرز عمل ہے۔انھوں نے کہا کہ چار عرب ممالک نے عرب قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔قطر کے معاملے پر بات چیت جاری رہے گی اور اس سلسلے کا آئندہ اجلاس اب منامہ میں متوقع ہے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بھی کہا ہے کہ قطر کے بارے میں مزید تبادلہ خیال جاری رہے گا اور اس کے خلاف مزید اقدامات کا نفاذ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا قطر کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)سے نکال دیا جائے گا تو بحرینی وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے اس کے جواب میں کہا کہ اس موضوع پر گفتگو کیلئے یہ مناسب جگہ نہیں ہے۔البتہ انھوں نے کہا کہ قطر کی حمایت یافتہ اخوان المسلمون کو مصر میں خون ریزی کا ذمے دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔خالد آل خلیفہ نے مزید کہا کہ یہ اجلاس قطر پر رابطے کیلئے تھا اور مطالبات پر اس کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید کا کہنا تھا کہ خطے کو دہشت گردی کے حامیوں سے پاک کرنے کیلئے بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے۔قبل ازیں سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،بحرین اور مصر نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا اور اس میں یہ اطلاع دی تھی کہ انھیں قطر کی جانب سے کویت کے ذریعے ڈیڈ لائن سے قبل مطالبات کی فہرست کا جواب مل گیا ہے۔اس میں مزید کہا گیا تھا کہ اس کا مشترکہ جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا۔

عرب ممالک

مزید :

کراچی صفحہ اول -