عمران خان کو رینجرز کے ذریعے گرفتار کیا جائے، دانیال عزیزکی درخواست

عمران خان کو رینجرز کے ذریعے گرفتار کیا جائے، دانیال عزیزکی درخواست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے این این) مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے 2014 کے دھرنوں کے دوران ایس ایس پی آپریشن عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مقدمے میں اشتہاری قرار دئے گئے عمران خان کو رینجرز کے ذریعے گرفتار کرنے کی درخواست کی ہے۔ جمعرات کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ایس ایس پی آپریشن عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز بھی پیش ہوئے۔ سماعت میں استغاثہ کے گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا۔دانیال عزیز نے بھی دلائل د ئے اور عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان اس کیس میں اشتہاری ہیں انہیں رینجرز کے ذریعے گرفتار کیا جائے۔ عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ چالان کی بنیاد پر کیس آگے بڑھارہے ہیں اور جلد بیانات مکمل کرکے کیس نمٹا دیں گے۔ن لیگ کے رہنما نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 3سال ہوگئے کیس میں کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، جس پر عدالت نے دانیال عزیز کو جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے درخواست دینے کی ہدایت بھی کی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ ہم آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں، انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے، میڈیا انصاف کا معیار پہچانے، عدالت نے عمران خان کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے،تین سال سے ان کے گھر پر اشتہار چسپاں ہیں ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ان کی جائیداد فوری قرق کی جائے ، یہ کیسا پاکستان ہے جو عمران خان قوم کو دکھا رہے ہیں ۔دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے متعدد بار حکومتی اداروں کی تذلیل کی ،ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں ، مگر بار بار طلبی کے باوجود وہ عدالتوں میں حاضر نہیں ہو رہے ۔ دانیال عزیز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ انتہائی خراب رویہ رکھا ۔بیرونی فنڈنگ کیس کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا جا رہا ، یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ عمران خان کی باری پر اداروں کو سانپ کیوں سونگھ جاتا ہے ۔واضح رہے کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں عدالت نے عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
دانیال عزیز